فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے پیرس میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں جشن آزادی کی تقریب میں قومی پرچم لہرادیا۔
پاکستان کی آزادی کی 77ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں کمیونٹی کے معززین بشمول بچوں کی بڑی تعداد تھی۔
اس موقع پر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ 14 اگست واقعی ایک بابرکت دن تھا کیونکہ اس نے پوری قوم کو اکٹھا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس جشن کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے دیگر رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
عاصم افتخار احمد نے مزید کہا کہ آج ہم اپنے آبا و اجداد کی عظیم قربانیوں کو احترام سے یاد کرتے ہیں، ہمارا شاندار ماضی ہمارے ہیروز اور شاندار کامیابیوں سے مزین ہے۔
یوم آزادی پر سب کو مبارکباد دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ان الفاظ سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے، جب انہوں نے کہا تھا کہ ’اگر ہم اس عظیم مملکت پاکستان کو خوش اور خوشحال بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں پوری طرح سے صرف لوگوں کی بہبود پر توجہ مرکوز کریں، خاص طور پر عوام اور غریبوں کی‘۔
انہوں نے کہا کہ یقیناً یہ وقت ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں اور خواتین کو سپورٹ کریں، خدمات کی فراہمی کو بہتر بنائیں، بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں اور پاکستان کو ایک عظیم قوم بنانے کےلیے کاروبار کےلیے سازگار ماحول پیدا کریں۔
سفیر پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ جب ہم اپنی آزادی کا جشن مناتے ہیں تو ہمیں اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، جو اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کےلیے 7 دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے اور اہل فلسطین کے جائز حقوق کےلیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
عاصم افتخار احمد نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کے فرانس کے ساتھ قریبی تعاون پر مبنی تعلقات ہیں اور وہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے بندھن کو مزید مضبوط کرنے کےلیے پاکستانی تارکین وطن کے منتظر ہیں، ہمیں آپ کی محنت اور کامیابیوں پر فخر ہے اور آپ کو پاکستان کے حقیقی سفیر مانتے ہیں۔
سفیر پاکستان کہا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کےلیے اہم شراکت کے ساتھ اقوام عالم میں سربلند اور قابل فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمام پاکستانی، پاکستان میں ہوں یا بیرون ملک، اپنے ملک کی بھرپور خدمت کےلیے پُرعزم ہیں۔
بعدازاں تقریب میں شریک مہمان بچوں کے تیار کردہ ٹیبلو اور ملی نغموں اور روایتی نغموں سے لطف اندوز ہوئے۔