کراچی (بیورورپورٹ) —پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کو حکومت سازی کے وقت کیے گئے وعدے پورے کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دے دیا ہے۔
پارٹی کی سینٹرل ایگزیکیٹیو کمیٹی (سی ای سی) کے کراچی میں منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی تشکیل اور آئینی ترامیم میں کلیدی کردار ادا کیا، تاہم حکومت بناتے وقت جو وعدے ہم سے کیے گئے تھے وہ تاحال پورے نہیں ہوئے۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چند روز قبل اپنی ٹیم کے ہمراہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں پیپلز پارٹی نے اپنے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ اگلے روز چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے وعدے پورے کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کچھ وقت مانگا۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے تسلسل کیلئےکردار ادا کیا، ہم نے کبھی حکومت میں وزارتوں یا مراعات کا مطالبہ نہیں کیا، ہمارا مقصد عوامی فلاح اور جمہوری اقدار کا فروغ ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ پنجاب میں حالیہ سیلاب سے شدید تباہی ہوئی، جہاں کاشتکار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ گھروں اور فصلوں کے نقصان نے عوام کو سخت مشکلات میں ڈال دیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے چیئرمین بلاول بھٹو کی تجویز پر عمل کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کے بجلی کے بل معاف کیے، جبکہ متاثرین کو امداد پہنچانے کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سب سے مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022 کے شدید سیلاب کے دوران اسی پروگرام کے ذریعے لاکھوں متاثرین تک امداد پہنچائی گئی تھی، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔سینیٹر شیری رحمٰن نے مزید بتایا کہ سی ای سی اجلاس میں پاک-بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران دنیا بھر میں پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سفارتی کامیابیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

