پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نیلامی کیلئے بولی دہندہ کے کاروبار کی مالیت کم از کم 30 ارب روپے ہونا قرار پائی ہے۔بولی لگانے والے کنسورشیم کو مجموعی سالانہ آمدن 200 ارب روپے ظاہر کرنا ہوگی۔
بولی دہندہ کی اہلیت کے معیار کیلئے پِری کوالیفکیشن کمیٹی بھی قائم کردی گئی، نجکاری کمیشن بورڈ نے پی آئی اے نجکاری کیلئے اہلیت کے معیار کی منظوری دے دی۔
سول ایوی ایشن ایکٹ کے تحت غیر ملکی ایئرلائن پاکستانی ایئرلائن کے اکثریتی حصص حاصل نہیں کرسکتی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کرنا ہوگی۔
حکومت کے پاس پی آئی اے کے 96 فیصد حصص موجود ہیں، 51 فیصد حصص کی نیلامی کیلئے بولیاں طلب کی گئی ہیں۔کوالیفکیشن اسٹیٹمنٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 مئی مقرر کی گئی ہے، حکومت رواں سال جون تک پی آئی اے کو فروخت کرنا چاہتی ہے۔

