خیبر پختونخوا حکومت کے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بولی میں حصہ لینے کے معاملے پر خیبر پختونخوا انویسٹمنٹ بورڈ نے وفاقی وزیر نجکاری کے نام دوسرا خط ارسال کردیا۔یکم نومبر کے خط میں کے پی حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔
سرمایہ کاری بورڈ کے خط میں کہا گیا ہے کہ خط کو بھیجے 10 دن گزر چکے ہیں، جواب کے منتظر ہیں، بورڈ آف انویسٹمنٹ کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی بھرپور حمایت حاصل ہے، انویسٹمنٹ بورڈ پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے۔
وائس چیئرمین کے پی بورڈ آف انویسٹمنٹ حسن مسعود کنور نے جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے قومی اثاثہ ہے، وزیراعلیٰ خریدنے میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔
حسن مسعود نے کہا کہ پی آئی خریدنے کیلئے سنجیدہ ہیں، یہ کوئی سیاسی معاملہ نہیں، بی او آئی ٹی اور سرمایہ کار پی آئی اے خریدنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں، وفاق کا حصہ ہونے کے ناطے پی آئی اے کے اسٹیک ہولڈر ہیں۔