پی آئی اے نے برطانیہ میں پروازوں کی بحالی کی اجازت مانگ لی

کراچی: یورپ کے بعد برطانیہ میں پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کا معاملہ درپیش ہے، پی آئی اے نے پروازوں کی بحالی کی اجازت مانگ لی۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی انتظامیہ کی جانب سے برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ اور سول ایوی ایشن کو مراسلہ لکھا گیا ہے، سی ای او پی آئی اے خرم مشتاق کی ہدایت پر مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

ذرائع سی اے اے نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مراسلہ موصول ہوگیا ہے، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کی اجازت دی جائے۔

خط میں پی آئی اے نے برطانیہ میں تھرڈ کنٹری آتھورائیزیشن اجازت نامہ بھی بحال کرنے کی درخواست کی ہے، پی آئی اے لندن، برمنگھم مانچسٹر میں پروازوں چلانے کا خواہشمند ہے۔پی آئی اے کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یورپی ملکوں میں بحالی کے بعد پہلی پرواز 10 جنوری 2025 کو پیرس پہنچے گی۔

پی آئی اے انتظامیہ نے پاکستان سول ایوی ایشن کو بھی مراسلہ لکھ کر برطانیہ میں پروازوں کی بحالی کی درخواست کردی ہے، پی آئی اے کی برطانیہ میں پروازوں کی بحالی سے ایرلائن کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔خیال رہے کہ چار سال قبل یورپ سمیت برطانیہ میں پی آئی اے کی پروازوں پر پائلٹس لائسنس امتحان اسکینڈل کے بعد پابندی لگائی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں