کراچی( نمائندہ خصوصی)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے ایک ملازم کو خاتون مسافر کا سامان چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ واقعہ لاہور سے کراچی آنے والی پرواز PK-305 کے بعد پیش آیا۔ سامان برآمد کر لیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) کے ایک انجینیئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ملازم کو خاتون مسافر کا سامان چوری کرنے کی کوشش پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب لاہور سے کراچی پہنچنے والی پرواز PK-305 کے بعد ایک خاتون مسافر نے ایئرپورٹ انتظامیہ کو شکایت درج کرائی کہ ان کا بیگ غائب ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم کی شناخت طارق علی کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ پی آئی اے کے انجینیئرنگ شعبے سے وابستہ ہے۔ جب ایئرپورٹ حکام نے اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو مزاحمت کے دوران مختصر جھڑپ بھی ہوئی، جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کی معاونت سے خاتون کا بیگ، جس میں ان کے ذاتی سامان موجود تھے، برآمد کر لیا گیا۔ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) نے طارق علی کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے ملزم کا ایئرپورٹ انٹری پاس بھی معطل کر دیا ہے۔
پی آئی اے نے واقعے کی اندرونی انکوائری کا بھی آغاز کر دیا ہے اور ASF کی جانب سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔یہ واقعہ پی آئی اے کی ساکھ پر ایک اور سوالیہ نشان بن کر ابھرا ہے، تاہم متعلقہ ادارے اس کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرا رہے ہیں۔

