پی آئی اے کا قطر، بحرین، کویت اور دبئی کیلئے فلائٹ آپریشن منسوخ

اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خلیجی ممالک کیلئے تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ’’عراق اور قطر میں ایرانی میزائل حملوں کے بعد خلیجی فضائی حدود کی صورتحال غیر یقینی ہو چکی ہے، جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر پاکستان سے قطر، بحرین، کویت اور دبئی کیلئے فلائٹ آپریشن فی الحال روک دیا گیا ہے۔‘‘

متاثرہ ممالک کی فہرست میں قطر (دوحہ)،بحرین (منامہ)،کویت (کویت سٹی)اور متحدہ عرب امارات (دبئی، ابوظہبی)شامل ہیں.

ترجمان کے مطابق’’صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور فلائٹ آپریشن کی بحالی متعلقہ ایوی ایشن اتھارٹیز سے مشاورت کے بعد کی جائے گی۔ مسافروں کی سہولت اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔‘‘

ایران نے ’بشارت فتح‘ کے نام سے بڑے آپریشن کے تحت عراق اور قطر میں امریکی فوجی اڈوں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

رائٹرز کے مطابق حملے کے بعد قطر اور متحدہ عرب امارات نے فضائی ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی، جبکہ یو اے ای نے اپنی فضائی حدود بھی بند کر دی ہے۔

مسافروں کیلئے ہدایات
پی آئی اے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی پرواز کی موجودہ حیثیت جاننے کیلئےپی آئی اے کال سینٹر یا قریبی دفاتر سے رجوع کریں،ایئر لائن کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا چینلز پر جاری کردہ اعلانات پر نظر رکھیں،کسی بھی غیر ضروری سفر سے فی الحال گریز کریں۔

مزید معلومات اور فلائٹ ری شیڈولنگ
پی آئی اےنے اعلان کیا ہے کہ جیسے ہی خطے میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہو گی اور خلیجی فضائی حدود دوبارہ کھولی جائیں گی، پروازیں بحال کر دی جائینگی اور متاثرہ مسافروں کو نئی تاریخوں کے مطابق سہولت فراہم کی جائیگی۔

مزید اپ ڈیٹس کیلئے پی آئی اے کا ہیلپ لائن نمبر یا ویب سائٹ ملاحظہ کریں:
🌐 www.piac.com.pk

اپنا تبصرہ لکھیں