پی آئی اے کی نجکاری بڑا اسکینڈل ثابت ہو گی: چوہدری منظور

لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چوہدری منظور نے حکومت کی جانب سے قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اسے قوم کے ساتھ دھوکہ قرار دیا ہے۔

چوہدری منظور نے لاہور سے جاری بیان میں کہا کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری کے بارے میں عوام کو گمراہ کر رہی ہے اور یہ عمل بڑا اسکینڈل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا، “جس گھر کے برتن بکیں، اس کی جیت کیسے ہو سکتی ہے؟ پاکستان کے اثاثے ہیں، جنہیں اونے پونے داموں میں فروخت کیا جا رہا ہے۔”

ان کے مطابق پی آئی اے کے اثاثے ہزاروں ارب روپے کے ہیں اور ادارے نے گزشتہ سال 26 ارب روپے کا منافع بھی کمایا تھا۔ چوہدری منظور نے بتایا کہ پی آئی اے کے 30 جہاز تقریباً 100 ارب روپے کے ہیں، ملازمین کا پروویڈنٹ فنڈ 20 ارب، 8 بلڈنگز تقریباً 50 ارب روپے کی ہیں، جبکہ 10 ارب روپے کے اسپیئر پارٹس اور ہینگرز بھی موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی پرائیوٹائزیشن سراسر زیادتی اور ظلم ہے اور اس کے نتیجے میں ادارے کا سیلری امپیکٹ صرف 16 فیصد ہو گا۔