ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا بڑا ہدف حاصل کیا، جیمز ونس مین آف دی میچ رہے
کپتان رضوان کے ستارے گردش سے نہ نکل سکے سنچری بھی رائیگاں گئی
لاہور : کراچی کنگز نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10 کے اپنے پہلے مقابلے میں ملتان سلطانز کےخلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کرلی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل10 میں کراچی کنگز نے فاتحانہ شروعات کرتے ہوئے کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی.

کراچی کنگز نے پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا بڑا ہدف حاصل کرلیا. فاتح ٹیم کراچی کنگز کے بیٹر جیمز ونس اور خوشدل شاہ نے 235 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کےخلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جیمز ونس نے شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 101 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی جبکہ خوشدل شاہ نے بھی 38 گیندوں پر 60 رنز بنائے، جیمز کو ان کی شاندار بلے بازی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

جیمزونس کی میچ وننگ اننگز میں 4 چھکےاور 14 چوکے شامل تھے، جیمزونس اور خوشدل شاہ کے درمیان 5ویں وکٹ پر 142 رنز کی شراکت بنی، ونس اور خوشدل نے یہ رنز صرف 68 گیندوں پر جوڑے۔ اس کے علاوہ ٹم سائفرٹ نے 16 گیندوں پر 32 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، کپتان ڈیوڈ وارنر 12، عرفات منہاس 10 رنز بناکر پویلین لوٹے. کراچی کنگز کے عباس آفریدی نے وننگ شاٹ لگایا۔
دریں اثنا ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطان نے کپتان محمد رضوان کی سنچری کی بدولت کراچی کنگز کو جیت کیلئے 235 رنز کا ہدف دیا۔

کراچی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی، ملتان کی ٹیم نے پہلے کھیل کر3 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز سکور بورڈ پر سجائے۔ ان کے علاوہ ملتان کی جانب سے مائیکل بریسویل نے 44 ناٹ آئوٹ رنز بنائے جبکہ کامران غلام نے36 رنز بناکر اپنا حصہ ڈالا، عثمان خان نے 19 اور شائے ہوپ نے 8 رنز کی اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز کی جانب سے خوشدل شاہ، حسن علی اور عباس آفریدی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔کراچی کنگز کا اگلا مقابلہ 15 اپریل کو لاہور قلندرز کے خلاف نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں ہوگا.

