پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دے دی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 19ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دے دی۔لاہور میں کھیلے گئے میچ میں قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 210 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس کی پہلی وکٹ صرف 11 رنز پر گر گئی جب صاحبزادہ فرحان 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تاہم دوسری وکٹ کیلئےسلمان علی آغا اور اینڈریز گوس نے 69 رنز کے ساجھے داری قائم کرکے اسکور کو 80 تک پہنچا دیا۔

تاہم اس موقع پر آغا 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، دوسرے اینڈ پر موجود اینڈریز گوس بھی 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، اس کے علاوہ آنے والے دیگر بیٹرز کوئی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان، ایک، حیدر علی 5 رنز، شاداب خان 13 رنز، جیسن ہولڈر صفر، عماد وسیم 2 اور نسیم شاہ 11 رنز بناسکے۔

اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 17 ویں اوور میں 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور لاہور قلندرز نے میچ میں 88 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے 31 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سکندر رضا نے 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ شاہین آفریدی، آصف آفریدی اور کرن ایک، ایک وکٹ لے سکے۔

قبل ازیں، لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز کے اوپنرز نے 50 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم اس موقع پر 25 رنز بنانے والے محمد نعیم رن آؤٹ ہو گئے۔

اوپنر فخر زمان نے 30 گیندوں پر جارحانہ 44 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، اس کے علاوہ قلندرز کی جانب سے سکندر رضا نے 3 چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 39 رنز اور بلنگز نے 17 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔

قلندرز کے عبداللہ شفیق 22، ڈیرل مچل 28 اور آصف علی کوئی رنز نہ بنا سکے، اس طرح لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 210 رنز کا ہدف دیا۔اسلام آباد کے جیسن ہولڈر اور عماد وسیم نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دروشوئس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرسکے۔

لاہور قلندرز: شاہین آفریدی (کپتان)، فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بلنگز (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، آصف علی، ٹام کرن، حارث رؤف، آصف آفریدی

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، اینڈریز گوس، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، عماد وسیم، حیدر علی، جیسن ہولڈر، اعظم خان (وکٹ کیپر)، بین دروشوئس، نسیم شاہ، حنین شاہ

اپنا تبصرہ لکھیں