پی ایس ایل 10: کراچی کنگز نے لاہور قلندرزکو 4وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 24ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے بارش سے متاثرہ میچ میں کراچی کنگز کو 161 رنز کا ہدف دیا جو انہوں نے آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف 7.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنالیے تھے، اس دوران بارش کے باعث میچ روک دیا گیا جسے بعد میں 15 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

اس سے قبل، کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیتنے کے بعد لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کے نوجوان اوپننگ بلے باز محمد نعیم نے ایک بار ٹیم کو پھر جارحانہ آغاز فراہم کیا اور 22 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی، وہ 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 65 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

قلندرز کے دوسرے اوپنر فخرزمان نے بھی جارحانہ اننگز کھیلی اور وہ 33 گیندوں پر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق 18، ڈیرل مچل صفر، سیم بلنگز 2، سکندر رضا 8، آصف علی 2 اور شاہین آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، عامر جمال، حسن علی اور میر حمزہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر اور ٹم سیفرٹ نے 24،24 رنز بنائے، جیمز ونز 13 اور سعد بیگ 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

خوشدل شاہ صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، محمد نبی 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ عرفان خان نیازی نے 21 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیرل مچل اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ رشاد حسین اور آصف آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔لاہور قلندرز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، فاسٹ باؤلر ٹام کرن کی جگہ اسپنر رشاد حسین کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

کراچی کنگز نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، فواد علی کی جگہ حسن علی اور عمیر یوسف کی جگہ سعد کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں