لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے 17ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاورزلمی کو 64 رنز سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 15.2 اوورز میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی، حسین طلعت 39 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اس سے قبل، پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سعود شکیل اور فن ایلن نے ٹیم کو 45 رنز کا آغاز فراہم کیا، دونوں کھلاڑی بالترتیب 32 اور 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والی ریلی روسوو نے 27، کشال مینڈس نے 32 اور مارک چیمپن نے 33 رنز بنائے، تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے، فہیم اشرف ایک، حسن نواز 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوا، صائم ایوب صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ بابراعظم بھی 12 رنز ہی بناسکے۔
ٹام کوہلر کیڈ مور بھی 5 رنز ہی بناسکے، محمد حارث 17 رنز بنانے میں کامیاب رہے، عبدالصمد 2 اور مچل اوون 15 رنز بناسکے جب کہ الزاری جوزف کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔
حسین طلعت نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن ان کا ساتھ دینے کیلئے کوئی کھلاڑی وکٹ پر نہ رک سکا، وہ 39 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فہیم اشرف نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، خرم شہزاد 2، محمد عامر، وسیم جونیئر اور ابرار احمد کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پشاور زلمی نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے اسپنر عارف یعقوب کی جگہ صفیان مقیم کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔