پی ایس ایل 10 کیلئے لاہور قلندرز اور ائیر سیال کا پارٹنر شپ جاری رکھنے کا اعلان

پارٹنر شپ معاہدے کی تقریب میں سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا اور ائیر سیال کے وائس چئیرمین عمر میر کی شرکت۔

لاہور (رپورٹ، محمد بابر بیورو چیف) لاہور قلندر اور ملک کی تیزی سے ترقی کرتی ائیر لائن ائر سیال کے مابین مسلسل تیسرے سال پارٹنرشپ کا معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کی تقریب نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے لان میں منعقد ہوئی جس میں لاہور قلندر کے کپتان شاہین آفریدی اور فاسٹ بولر حارث روف بھی موجود تھے۔ لاہور قلندرز اور ائیر سیال نے 2022 میں شراکت داری کا آغاز کیا تھا جس کے بعد سے ائیر سیال لاہور قلندرز کی آفیشل ائیر لائن ہے۔ ٹیم کی کٹ پر ائیر سیال کی برانڈنگ کے علاوہ ائیر سیال نوجوانوں میں کرکٹ کے فروغ کیلئے لاہور قلندر کو اپنی سپورٹ جاری رکھے گی۔ دو مرتبہ پی ایس ایل کی فاتح ٹیم لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا تھا کہ ائیر سیال پاکستان کو دنیا سے جوڑنے کے ساتھ ملک میں کھیلوں کو اجاگر کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، ہم ائیر سیال کے ساتھ اپنے سفر کو مزید بڑھانے پر خوش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد قوم میں جو مایوسی ہے اسے دور کرنے کیلئے لاہور قلندر پی ایس ایل میں شاندارکارکردگی سے دور کرنے کی کوشش کرے گی، ائرسیال کا عزم ہمارے ویژن کے مطابق ہے اور ہم ایک اور کامیاب سیزن کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر ائرسیال کے وائس چیئرمین عمر میر کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے پر فخر محسوس کرتے ہیں، لاہور قلندرکی پی ایس ایل 10 کے لیے مہم کا حصہ بننے پر پرجوش ہیں۔ شاہین آفریدی نے کہا کہ لاہور قلندر اس بارپی ایس ایل میں ایک نئے روپ میں دکھائی دے گی ہم نے اس سیزن کیلئے بہترین ٹیم تشکیل دی ہے جوایک مرتبہ پھر شائقین کے چہروں پر خوشیاں بکھیرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں