لاہور :سکندر رضا کی دلیرانہ بیٹنگ اور ڈیرل مچل کی ذمے دارانہ اننگز کی بدولت پی ایس ایل کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹ سے شکست دیدی۔ ایونٹ میں پے در پے شکستوں کے باعث لاہور قلندر کی پوزیشن خاصی خراب تھی لیکن اس فتح کے بعد سابق چیمپئن ایونٹ میں واپس آگئی ہے۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ پر 185 رنز بنائے۔ملتان سلطانز کےکپتان محمد رضوان نے 76 اور کامران غلام نے ناقابل شکست 52 رنز بنائے۔لاہور قلندرز کی جانب سے ٹام کرن، حارث رؤف اور ڈیرل مچل نے ایک، ایک وکٹ لی۔
لاہور قلندرز نے 186 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔فاتح ٹیم کی جانب سے ڈیرل مچل نے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ان کے علاوہ سکندر رضا 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، عبداللہ شفیق نے 34 رنز بنائے۔ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ایونٹ میں اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے میں ملتان سلطان فاتح رہی تھی۔ ڈیرل مچل کو مین آف دی میچ قرار پاۓ۔
