پی سی بی سے اختلافات، سابق کپتان اظہر علی نے استعفیٰ دے دیا

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اختلافات کے باعث سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے سلیکشن کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق اظہر علی نے اپنا استعفیٰ پی سی بی کو ارسال کردیا ہے جس کے منظور ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر علی بطور ممبر سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ آف یوتھ پروگرام ذمہ داریاں نبھا رہے تھے، تاہم سابق کپتان سرفراز احمد کو انڈر 19 ٹیم کا انچارج مقرر کیے جانے کے بعد ان کے اختیارات محدود ہوگئے تھے، جس کے باعث اختلافات شدت اختیار کرگئے۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے چند روز قبل سرفراز احمد کو پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیم کی ذمہ داریاں سونپی تھیں۔ اظہر علی اکتوبر 2024 سے بطور رکن سلیکشن کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ منسلک تھے۔