لاہور (بیورو رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے مابین سہ ملکی ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ یہ سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی جس کے ابتدائی دو میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونگے جبکہ آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں ہوگا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز ہفتہ 8 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ پہلی گیند دوپہر دو بجے کرائی جائے گی۔ پیر 10 فروری کونیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا، اس ڈے میچ کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے ہوگا۔
ان دو میچوں کے بعد ایکشن کراچی منتقل ہو جائے گا جہاں پاکستان 12 فروری کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ میچ میں جنوبی افریقہ سے مقابلہ کرے گا جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔ فائنل جمعہ 14 فروری کو کھیلا جائے گا جو دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں جمعرات 6 فروری کو قذافی سٹیڈیم کی فلڈ لائٹس میں ٹریننگ کریں گی جبکہ جنوبی افریقہ کی پہلی ٹریننگ 9 فروری اتوار کی صبح ہوگی.
قذافی سٹیڈیم اور نیشنل بینک سٹیڈیم میں ہونے والے چار میچ تینوں فریقوں کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا بہترین موقع فراہم کریں گے وہیں یہ پی سی بی کیلئےاپنے نئے ڈیزائن اور دوبارہ تیار کردہ سٹیڈیمز کو عالمی معیار کی نشریات کے ذریعے دنیا کے سامنے دکھانے کا بہترین موقع بھی ہوگا۔
قذافی سٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھا دی گئی ہے، پورے سٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں نشریاتی معیار کو بڑھانےکیلئے 480 جدید ترین ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو دنیا بھر کے شائقین کیلئےدیکھنے کے بہترین تجربے کو یقینی بنائیں گی۔ تماشائیوں کے تجربے کو مزید بلند کرنے کیلئےدو بڑی ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز بھی نصب کی گئی ہیں۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے ایک نیا ہاسپٹلیٹی انکلوژر تکمیل کے قریب ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ یہ شاندار سٹیڈیم تمام سٹیک ہولڈرز کیلئےایک بے مثال تجربہ فراہم کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
نیشنل بینک سٹیڈیم میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے جس میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئےایک نیا ہاسپٹلیٹی انکلوژر بھی شامل ہے۔ براڈکاسٹ کوریج کو بہتر بنانے کیلئے350 ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں جو عالمی ناظرین کو بہترین منظر پیش کریں گی۔ دو ڈیجیٹل ری پلے سکرینز کے علاوہ تماشائیوں کے آرام کو بڑھانے کیلئے5000 نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں۔
سہ فریقی میچوں کا شیڈول ( ڈے نائٹ میچ دوپہر دو بجے شروع ہوں گے، دن کا میچ صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا)
8 فروری پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ( ڈے نائٹ )
10 فروری نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ ( ڈے میچ )
12 فروری پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ( ڈے نائٹ )
14 فروری۔ فائنل ( ڈے نائٹ )

