پی سی بی نے ٹونی ہیمنگ کو چیف کیوریٹر مقرر کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹونی ہیمنگ کو دو سالہ معاہدے کے تحت نیا چیف کیوریٹر مقرر کردیا۔

ویسٹرن آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ٹونی ہیمنگ اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے بدھ کو لاہور پہنچیں گے۔

ہیمنگ کی فوری ذمہ داریوں میں سے ایک بنگلادیش اور انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پانچ ٹیسٹ میچوں کے لیے پچز تیار کرنا ہے۔

بنگلادیش کے خلاف اگست ستمبر میں دو ٹیسٹ جبکہ انگلینڈ کے خلاف اکتوبر میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔

ہیمنگ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی پچز کی تیاریوں کی بھی نگرانی کریں گے جس کی میزبانی پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک کرے گا۔

ہیمنگ تقریباً چار دہائیوں کے تجربے کے ساتھ ایک انتہائی قابل احترام کیوریٹر ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے مختلف مشہور گراؤنڈز بشمول میلبرن، پرتھ اور تسمانیہ کے ساتھ ساتھ بنگلادیش، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک میں کام کیا ہے جہاں وہ دبئی میں 2007 سے 2017 تک آئی سی سی کے ہیڈ کیوریٹر رہے۔

آئی سی سی کے ساتھ کام کے دوران ہیمنگ نے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پچ کی تیاری کی بھی نگرانی کی تھی جو 2009 اور 2019 کے درمیان پاکستان کے ہوم وینیوز میں سے ایک تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں