پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی انتظامیہ عثمان واہلہ سے ناراض ہے، اس عہدے کیلئے سابق کرکٹر کی تقرری کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز عثمان واہلہ نے سوشل میڈیا پر وہاب ریاض کو جواب دیا تھا، سابق فاسٹ بولر چند ہفتے پہلے تک پی سی بی کنسلٹنٹ تھے۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈ اسامہ میر کے این او سی پر عثمان واہلہ اور وہاب ریاض نے ایک دوسرے پر لفظی وار شروع کردیے تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وہاب ریاض نے اسامہ میر کو اجازت نامہ (این او سی) نہ دینے پر عثمان واہلہ کو کھری کھری سنائیں۔
وہاب ریاض نے کہا تھا کہ اسامہ میر نے این او سی کیلئے متعدد بار عثمان واہلہ سے رابطہ کیا تاہم عثمان واہلہ نے اسامہ میر کی درخواست کو نظرانداز کیا۔وہاب ریاض کے الزام پر عثمان واہلہ بھی میدان میں آئے اور سابق فاسٹ بولر کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسامہ میر سے اس حوالے سے بات ہوئی اور وہ یکطرفہ الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
عثمان واہلہ کے جواب پر وہاب ریاض نے عثمان واہلہ کو سب کچھ سامنے لانے کی دھمکی دیتے ہوئے لکھا کہ تمام اسکرین شاٹس اور ای میلز جھوٹ نہیں بولتے ہیں تمام اسٹوری بتاؤں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، صرف اسی سوال کا جواب دیا جو پوچھا گیا تھا اور اگر کوئی اس کی تردید کرتا ہے تو میں تمام ثبوت انہیں فراہم کر دوں گا۔