پی سی بی کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتانوں کی تبدیلی کی خبروں کی تردید

لاہور (سپورٹس ڈیسک) – پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم اور محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹایا جا رہا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود سے واپس لینے اور محمد رضوان کی جگہ سلمان علی آغا کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔

ترجمان پی سی بی نے واضح کیا کہ نہ تو سلیکشن کمیٹی میں کپتانوں کی تبدیلی کا معاملہ زیرِ غور آیا ہے اور نہ ہی کسی کھلاڑی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بعض ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ پی سی بی حکام کی اعلیٰ سطحی مشاورت میں کپتانی کی تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے اور حتمی فیصلہ آئندہ ماہ متوقع ہے۔

خیال رہے کہ نومبر 2023 میں بابر اعظم کے استعفے کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی، جبکہ اکتوبر 2024 میں شاہین شاہ آفریدی کی جگہ محمد رضوان کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

شان مسعود کی قیادت میں پاکستان نے اب تک 10 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں قومی ٹیم کو 8 میں شکست اور صرف 2 میں کامیابی حاصل ہوئی۔ دوسری جانب، محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان نے 12 ون ڈے میچز میں سے 8 جیتے جبکہ 4 میں ناکامی کا سامنا کیا۔

پی سی بی نے زور دیا کہ ٹیم کی قیادت کے حوالے سے کسی بھی فیصلے کی صورت میں باضابطہ طور پر اعلان کیا جائے گا اور غیر مصدقہ خبروں پر دھیان نہ دیا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں