پی ٹی آئی دور میں فیض حمید بہت اہم تھے: ندیم افضل چن

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو فوجی تحویل میں لینے کی خبر پر ردعمل سامنے آگیا۔پی پی پی رہنما ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت میں فیض حمید کی بہت اہمیت تھی، حکومت کے سارے معاملات وہی چلاتے تھے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ عدل کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں، کہیں یہ تاثر نہ جائے کہ ایک مخصوص سوچ رکھنے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پی پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی کی حکومت لائی گئی تواس میں ان کا کردار تھا، ہمارا اعتراض تھا۔سعید غنی نے کہا کہ کسی بھی شخص یا پاک فوج کے افسر نے کوئی ایسا کام کیا ہو جس سے ادارے کو نقصان پہنچا ہو یا نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔پی پی پی رہنما نے کہا کہ پاک فوج اگر کارروائی کرتی ہے تو اس سے ادارہ مضبوط ہوگا، کوئی اور ایسے کام کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں