لاہور (نمائندہ خصوصی) – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے این اے 129 کے ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ نشست ان کے والد اور سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ وہ خاندان کے اکلوتے بیٹے اور واحد مرد وارث ہیں، اسلئےنہیں چاہتے کہ ان کی والدہ ایک اور صدمے سے گزریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا جعلی اراکین سے بھری ہوئی فارم 47 والی پارلیمنٹ کا حصہ بننے کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پچھلی بار جب ان کے 82 سالہ والد نے انتخاب لڑا تو انہیں پولیس ہراسانی، گرفتاری اور گھر پر بار بار چھاپوں کا سامنا کرنا پڑا۔
پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ والدہ کی ہدایت پر انہوں نے اپنے کزن چوہدری ارسلان ظہیر کو اپنی جگہ انتخاب لڑنے کیلئےنامزد کیا ہے بشرطیکہ پارٹی حلقے میں بائیکاٹ کا فیصلہ نہ کرے۔
مسلم لیگ (ن) نے حافظ نعمان کومیدان میں اتاراہے.دوسری جانب مسلم لیگ (ن)کے صدرنواز شریف بھی اس نشست کیلئے متحرک ہو گئے ہیں اور انتخابی معرکے میں کامیابی کیلئےمختلف سیاسی دھڑوں کو ساتھ ملانے کی ذمہ داری خواجہ سعد رفیق کو سونپی گئی ہے۔

