اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین کے طبی معائنے کیلئےنجی اسپتال کے دو ڈاکٹرز کے نام دے دیے۔سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کے احتجاجی دھرنے کے موقع پر چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسپتال منتقلی سے پہلے بانی کے ذاتی معالج یا اہل خانہ کو آگاہ نہ کرنا بہت بڑی غلطی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین سے متعلق معاملات کو خفیہ رکھنا اور متضاد بیانات دینا جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے نئی درخواست بھی دائر کردی گئی ہے جبکہ عوام کو ان کی صحت سے آگاہ نہ کرنا تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے کوئی ٹی او آرز طے نہیں ہوئے اور اس حوالے سے گردش کرنے والی باتیں محض افواہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی سے ملاقات اور ان کی و اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانتوں سے متعلق درخواستیں تاحال مقرر نہیں کی گئیں جبکہ توشہ خانہ 2 اور 190 ملین پاؤنڈ کیسز بھی زیرِ التوا ہیں۔

