راولپنڈی (بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے وکلاء نے اڈیالہ جیل حکام سے بانی چیئرمین کے طبی معائنے کا تحریری ریکارڈ مانگ لیا ہے۔ اس حوالے سے انصاف لائرز فورم کے وکلاء کا وفد اڈیالہ جیل راولپنڈی پہنچا، جہاں 6 وکلاء کو گیٹ نمبر 3 سے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وکلاء نے جیل حکام سے ملاقات کے بعد بانی چیئرمین کے طبی معائنے سے متعلق تحریری درخواست جمع کرادی، جس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے، اس لیے میڈیکل رپورٹس فراہم کی جائیں۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ 6 وکالت نامے دستخط کے لیے بھجوائے گئے تھے جو تاحال موصول نہیں ہوئے، وکالت ناموں پر دستخط کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس میں ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی جانی ہے۔
پی ٹی آئی لائرز فورم کے عہدیدار اویس یونس نے دیگر وکلاء کے ہمراہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے نام خط لکھا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ بانی چیئرمین کی میڈیکل رپورٹس ان کے اہلِ خانہ کو دی جائیں۔

