اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کی چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی روشنی میں عوامی شکایات کے حوالے سے نئے طریقہ کار (ایس او پیز) جاری کر دیے ہیں۔ جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق عدلیہ کے وقار، عدالتی امور اور دیگر سائلین کے حقِ رسائی پر سمجھوتہ کیے بغیر متاثرہ افراد کیلئے رسائی، سہولت اور ہنگامی طبی امداد سمیت ضروری مراعات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔
سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے تحفظات قانون کے مطابق متعلقہ انتظامی حکام کو بھجوا دیے ہیں۔
یاد رہے کہ 30 جنوری کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت پی ٹی آئی کے پارلیمانی وفد نے سپریم کورٹ کے باہر جمع ہو کر اپنے قائد کی گرفتاری اور اُن تک رسائی نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ رجسٹرار سپریم کورٹ نے وفد کو یقین دلایا تھا کہ ان کے تحفظات چیف جسٹس کے علم میں لائے جائیں گے، جبکہ اسی روز پی ٹی آئی کے سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے چیف جسٹس سے ملاقات بھی کی تھی۔

