اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی پُرتشدد واقعات کی حکومتی سی سی ٹی وی فوٹیجز کو جعلی قرار دے کر مسترد کر دیا۔ پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی آج 9 مئی واقعات کی ریلیز کی گئی فوٹیجز کو مسترد کرتی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت کیا اس قسم کی فوٹیجز کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کہتی ہے؟ موبائل سے بنائی گئی ویڈیوز کو حکومت سی سی ٹی وی فوٹیجز کا نام دے رہی ہے، فوٹیجز کو ایڈٹ بھی درست طریقے سے نہیں کیا گیا، یہ لوگ کیا عوام کو پاگل سمجھتے ہیں سی سی ٹی وی فوٹیجز کا مطلب کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے ایک ٹکڑا مختلف جگہ سے دوسرا ٹکڑا کہیں اور سے نکالا گیا، حکومت پر یقین تو دور کی بات ہم تو اس حکومت کو مانتے ہی نہیں، اس سے پہلے کہا انہوں نے ہمارے پرامن احتجاج کو قبول کیا ہے؟ ہم جب بھی احتجاج کی کال دیتے ہیں اسلام آباد کنٹینرستان بن جاتا ہے۔
کوٹ لکھپت میں قید پارٹی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کے شکوے پر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ان کے شکوے میں وزن ہے کیونکہ ان کی پارٹی کیلئے قربانیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کرنی چاہیے، اُن سمیت باقی اسیران سے بھی قیادت کو ملنا چاہیے۔
وزیر دفاع کے بیان پر ردعمل میں سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ خواجہ آصف کون جو ڈاکے کے مینڈیٹ کے ساتھ اسمبلی میں بیٹھا ہے؟ وزیر دفاع وہی ہے جس کو ریحانہ ڈار نے انتخابات میں شکست دی تھی، خواجہ آصف کون ہوتے ہیں ہماری پارٹی میں لوگوں کو غداری کے سرٹیفکیٹ دینے والے؟ ہم تو خواجہ آصف کے وزیر اعظم کو بھی نہیں مانتے تو وہ کون ہیں؟
آخر میں ان کا کہنا تھا کہ سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کو کہا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کو ووٹ نہ کریں لیکن انہوں نے ووٹ کرنے کا فیصلہ کیا، ایشو کی بنیاد پر ہم اور جے یو آئی (ف) الگ الگ سیاست کر رہے ہیں، ہم تو کہتے ہیں حکومت سے کوئی بات نہیں کریں گے کیونکہ ان کو مانتے ہی نہیں۔