چلاس میں پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 میجر سمیت 5 شہید

چلاس/گلگت (آئی ایس پی آر + نیوز ایجنسیاں) —گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 2 میجر سمیت عملے کے 5 ارکان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپٹر ہڈور گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہوا، جو ٹھک داس چھاؤنی سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز کے دوران فنی خرابی کا شکار ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں پائلٹ ان کمانڈ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینیئر نائب صوبیدار مقبول، کریوچیف حافظ جہانگیر اور چیف نائیک عامر شامل ہیں۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراقی نے بیان میں تصدیق کی کہ ہیلی کاپٹر تھور، چلاس میں گر کر تباہ ہوا، جس میں 2 پائلٹ اور 3 تکنیکی عملے کے ارکان موجود تھے۔

دیامر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی عبدالحمید) نے بھی حادثے میں 5 شہادتوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ ہیلی کاپٹر ایک مجوزہ نئے ہیلی پیڈ پر ٹیسٹ لینڈنگ کر رہا تھا۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

صوبائی حکومت نے دیامر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی اور طبی عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور گورنر نے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

ایس ایس پی عبدالحمید نے کہا کہ حادثے کی اصل وجہ پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے ابتدائی طور پر ’’تکنیکی خرابی‘‘ کو حادثے کی وجہ قرار دیا ہے۔پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر ملک بھر میں رنج و غم کی فضا ہے۔ شہداء کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں