چیس فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام کشمیرشطرنج ٹورنامنٹ سیف الرحمان نے جیت لیا

خواتین کاٹائٹل سیدہ مناہل کے نام رہا جبکہ انڈر 12 کیٹگری میں حدید نیازی نے کامیابی حاصل کی

چیس فیڈریشن آف پاکستان کے قائمقام سیکرٹری عامر کریم اور سینئر نائب صدر سلیم اختر نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

لاہور (محمدبابرسے) چیس فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ہونے والا شطرنج ٹورنامنٹ سیف الرحمان اور سیدہ مناہل نے جیت لیا۔ پنجاب یونیورسٹی سپورٹس سائنسز ڈیپارٹمنٹ میں کنگز چیس کلب کے تعاون سے ہونے والے مقابلے میں شرکاء کے مابین کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے جن میں انڈر 12 ویمن اور اوپن کیٹگری میں شرکاء نے شطرنج کی چالوں کا خوبصورت مظاہرہ پیش کیا۔

مقابلے کی خاص بات بارہ سال سے کم عمر بچوں کی شرکت تھی جنہوں نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑوں کو بھی ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔بارہ سال سے کم عمر بچوں کے مقابلے میں محمد حدید خان نیازی نے میدان مارا جبکہ خواتین میں سیدہ مناہل نے کامیابی حاصل کی۔ اوپن کیٹگری میں سیف الرحمان نے حریف کھلاڑیوں کو مات دیتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔

مقابلوں کے اختتام پر مہمان خصوصی چیس فیڈریشن آف پاکستان کے قائمقام سیکرٹری عامر کریم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کۓ اس موقع پر فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سلیم اختر بھی موجود تھے۔مقابلوں کے اختتام پر شرکاء نے کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی اور اس جدوجہد میں کشمیریوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں