راولپنڈی (آئی ایس پی آر)ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) مقرر کیے جانے کے بعد آج جنرل ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تینوں مسلح افواج،فوج، بحریہ اور فضائیہ،کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، تقریب میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر بھی موجود تھے۔ جمعہ کو عاصم منیر کی بطور سی ڈی ایف تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جسے 1970 کی دہائی کے بعد فوجی کمانڈ میں سب سے بڑی تنظیم نو قرار دیا جا رہا ہے۔ نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت آپریشنل، انتظامی اور اسٹریٹجک اختیارات ایک عہدے میں مجتمع کر دیے گئے ہیں، جو آئین کے آرٹیکل 243 کی 27ویں ترمیم کے ذریعے نافذ ہوا۔

اس سلسلے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا گیا اور تینوں افواج کے باہمی رابطے اور کمانڈ سسٹم کو تحلیل کر کے مشترکہ کمانڈ یعنی سی ڈی ایف کو با اختیار بنایا گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل منیر کی تاریخی تقرری پر مبارکباد دی، اور مئی میں بھارت کے ساتھ چار روزہ فوجی کشیدگی کے دوران ان کی بہادری اور قیادت کو سراہا۔ عاصم منیر 29 نومبر 2022 کو 17ویں آرمی چیف مقرر ہوئے تھے، اور اب انہیں پاکستان کی مسلح افواج کی مشترکہ کمان سنبھالنے والی پہلی شخصیت کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

