اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) پاکستان میں تعینات چینی سفیر جناب جیانگ ژی ڈونگ نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر خودکش حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
یہ بات انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ پاک چین دوستی کے 74 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
چینی سفیر نے کہا”پاکستان ہمارا برادر ملک ہے، جس سے 74 سالہ دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں مضبوط ہوئی ہے۔ بلوچستان میں معصوم بچوں کو نشانہ بنانیوالےبزدلانہ حملے پر ہم دلی افسوس اور شدید مذمت کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا”چین ہر اس اقدام میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے جو دہشتگردی کے خاتمے، عوام کے تحفظ اور علاقائی استحکام کیلئے ضروری ہو۔”چینی سفیر نے انسداد دہشتگردی میں پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی سلامتی و استحکام کو اپنی ترجیحات کا حصہ سمجھتا ہے.
دہشتگردی کے خلاف انٹیلی جنس شیئرنگ، سیکیورٹی تعاون، اور پالیسی مشاورت کو مزید بڑھایا جائے گا.معصوم جانوں کے ضیاع پر چین کی حکومت اور عوام پاکستانی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں.
دہشتگردی کے خلاف عالمی یکجہتی کی ضرورت ہے.چینی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ”معصوم بچوں پر حملہ پوری انسانیت پر حملہ ہے۔ عالمی برادری کو ایسے حملوں کے اصل ماسٹر مائنڈز، سہولت کاروں اور سرپرستوں کو بے نقاب کرنے میں پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا۔”
سماجی و اقتصادی تعاون جاری رہے گا.تقریب کے دوران چینی سفیر نے پاک چین اقتصادی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہاقدرتی آفات کے وقت چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا.چین میں 10 ہزار پاکستانیوں کو زرعی شعبے میں تربیت دی جا رہی ہے.
پاکستان کے ساتھ تعلیم، صحت، زراعت اور بنیادی ڈھانچے میں شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی. چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ کاکہنا تھا”پاک چین دوستی پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے مضبوط ہے – اور ہر آزمائش میں ثابت قدم رہے گی”

