ڈئیگو جوٹا اور ان کے بھائی کار حادثے میں جاں بحق، دنیائے فٹبال سوگوار

لیورپول اور پرتگالی قومی ٹیم کے معروف فٹبالر کی اسپین میں المناک موت، عالمی سطح پر تعزیت کا سلسلہ جاری

زمورا، اسپین / لندن / لزبن (رائٹرز + ایجنسیاں)انگلش فٹبال کلب لیورپول کے پرتگالی ونگر ڈئیگو جوٹا اور ان کے بھائی آندرے سلوا اسپین میں ایک ہولناک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جوٹا کی عمر 28 جبکہ ان کے بھائی کی عمر 26 برس تھی۔

یہ المناک حادثہ اسپین کے شمالی وسطی علاقے زمورا میں جمعرات کی رات پیش آیا۔ علاقائی فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ایک گاڑی بے قابو ہو کر ٹکرا گئی، جس کے بعد اُس میں آگ لگ گئی۔ پولیس کے مطابق حادثے کے مقام سے دو لاشیں برآمد ہوئیں جن کی عمریں بالترتیب 28 اور 26 سال تھیں۔

ابھی سرکاری طور پر ناموں کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم لیورپول ایف سی اور پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے ڈئیگو جوٹا اور ان کے بھائی آندرے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

لیورپول ایف سی نے بیان میں کہا”یہ خبر کلب کیلئے تباہ کُن ہے۔ ڈئیگو اور ان کے بھائی آندرے کی اسپین میں ایک ٹریفک حادثے میں موت پر ہم گہرے دکھ میں ہیں۔ اس وقت مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا، ہم جوٹا خاندان کی پرائیویسی کا احترام کرتے ہیں۔”

ڈئیگو جوٹا نے حال ہی میں 28 جون کو شادی کی تھی اور اسپین میں چھٹیاں گزار رہے تھے۔ وہ لیورپول کیلئےکھیلنے والے اہم فارورڈ کھلاڑی تھے اور انہوں نے2024–25 پریمیئر لیگ ٹائٹل،ایف اے کپ اورلیورپول کے ساتھ جیتا۔

بین الاقوامی سطح پر انہوں نے پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے 49 میچز کھیلے اوردو یوئیفا نیشنز لیگ ٹائٹلز جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ان کے چھوٹے بھائی آندرے سلوا بھی پرتگال کے فٹبال کھلاڑی تھے، اور کئی مقامی و یوتھ سطح کے مقابلوں میں حصہ لے چکے تھے۔

پرتگالی وزیراعظم لوئس مونٹی نیگرو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا”جوٹا کی موت ایک قومی نقصان ہے۔ انہوں نے پرتگال کے نام کو دنیا میں عزت بخشی۔”

کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پر پیغام دیا”یقین نہیں آتا، ہم ابھی ایک ساتھ کھیل رہے تھے۔ تمہاری شادی ہوئی اور آج یہ خبر… ہم تمہیں اور آندرے کو بہت یاد کریں گے۔”

دنیا بھر کے معروف فٹبال کلبز، کھلاڑیوں، فٹبال فیڈریشنز اور شائقین کی جانب سے غم و اندوہ، تعزیتی پیغامات، اور خراج عقیدت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ڈئیگو جوٹا کا دنیا سے یوں اچانک چلے جانا فٹبال کی دنیا کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان کی صلاحیت، کھیل سے لگن، اور ٹیم کیلئےخدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ان کی المناک موت اس امر کی یاد دہانی ہے کہ زندگی کس قدر غیر متوقع اور ناپائیدار ہے۔اللہ ان دونوں بھائیوں کے لواحقین کو صبر عطا کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں