ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی،دی کینیڈین پریس ، اسپورٹس نیٹ کینیڈا ، ایم ایل بی ڈاٹ کام) 32 سال بعد تاریخ رقم کرنے کے خواب کے ساتھ میدان میں اُترنے والی ٹورنٹو بلو جیز ٹیم کو ورلڈ سیریز کے فیصلہ کن ساتویں میچ میں لاس اینجلس ڈاجرز کے ہاتھوں 5-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ میچ راجرز سینٹر، ٹورنٹو میں کھیلا گیا اور 11ویں اننگ تک جاری رہا، جس کے بعد ڈاجرز نے ایک بار پھر چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی۔
ابتدائی اننگز میں ٹورنٹو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے اننگ تک 3-0 کی برتری حاصل کی۔
تاہم، نویں اننگ میں بھی جب بلو جیز 4-3 سے آگے تھے ڈاجرز کے میگل روہاس نے جیف ہاف مین کی گیند پر ہوم رن مار کر مقابلہ برابر کر دیا۔
فیصلہ کن لمحہ 11ویں اننگ میں آیا، جب ڈاجرز کے کیچر وِل اسمتھ نے شین بیبر کی گیند پر سولو ہوم رن لگا کر اپنی ٹیم کو 5-4 کی برتری دلا دی جو آخر تک برقرار رہی۔
ٹورنٹو کو نویں اننگ کے اختتامی لمحات میں جیت کا سنہری موقع ملا ، بیسز لوڈڈ اور صرف ایک آؤٹ کی صورتحال میں ڈیلٹن وارشو ہوم پلیٹ پر آؤٹ ہو گئے جبکہ ایرنی کلیمنٹ کا زوردار فلائی شاٹ ڈاجرز کے فیلڈر اینڈی پیجز نے با آسانی کیچ کر کے جیت کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔
یہ ورلڈ سیریز غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے بھرپور رہی،گیم 1 میں ٹورنٹو کے ایڈیسن بارجر نے پِنچ-ہِٹ گرینڈ سلم ہوم رن لگا کر شائقین کو جوش سے بھر دیا۔
گیم 3 میں 18 اننگز تک جاری رہنے والے تاریخی مقابلے کا خاتمہ ایل اے کے فریڈی فری مین کے واک آف ہوم رن سے ہوا۔
گیم 5 میں نوجوان اسٹار ٹری یسیویج نے 12 اسٹرائیک آؤٹ کر کے نیا ریکارڈ بنایا۔
گیم 6 کا اختتام ورلڈ سیریز کی تاریخ کے پہلے گیم اینڈنگ ڈبل پلے پر ہوا، جب بارجر دوسری بیس پر آؤٹ ہو گئے۔
“بلو جیز کا ناقابلِ یقین مگر دل توڑ دینے والا سفر”
2024 میں ڈویژن میں آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم نے 2025 میں حیران کن واپسی کی۔
یانکیز کے خلاف چار میچوں کی کلین سویپ
AL East میں پہلی پوزیشن
امریکی لیگ میں بہترین ریکارڈ اور پلے آف میں بائی
ALDS میں یانکیز کو 1-3 سے شکست
ALCS میں 0-2 کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے سیئٹل میرینرز کو 3-4 سے مات
ٹورنٹو نے 32 سال بعد ورلڈ سیریز کے فائنل تک رسائی حاصل کی لیکن قسمت نے میچ میں ساتھ نہ دیا۔
“ڈاجرز کا شاندار دفاع اور مسلسل دوسرا ٹائٹل”
لاس اینجلس ڈاجرز پہلے ہی دفاعی چیمپئن تھے۔پلے آف میں 9-1 کا ریکارڈ، زخمی ہونے کے باوجود مضبوط پچنگ روٹیشن، اور یوشینوبو یاماموتو کی نڈر پرفارمنس نے ان کی فتح کو یقینی بنایا۔یاماموتو نے، جو ایک رات پہلے 96 پچز کر چکے تھے، فیصلہ کن میچ 7 میں 2.2 اننگز میں صرف ایک ہِٹ دی اور ورلڈ سیریز MVP قرار پائے۔
“بلوجیز کا مستقبل – خواب ابھی باقی ہے”
اگرچہ شکست تلخ ہے، لیکن ٹورنٹو کے پاس مستقبل کیلئےایک نوجوان، متوازن اور پرعزم اسکواڈ موجود ہے۔
بکشیٹ، گیوریرو جونیئر، اسپرنگر، بارجر اور یسیویج جیسے کھلاڑی ٹیم کی بنیاد کو مستحکم کر رہے ہیں۔
منیجر جان شنیڈر نے میچ کے بعد کہا”جب آپ اتنے قریب ہوں، تو ہار کا زخم گہرا ہوتا ہے لیکن ہمیں فخر ہے کہ ہم کہاں تک پہنچے۔”
“وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوگی”
ڈونلڈ ٹرمپ نے لاس اینجلس ڈاجرز کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹیم کو”ناقابلِ یقین چیمپئنز”قرار دیا۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرُوتھ سوشل پر لکھا کہ “لاس اینجلس ڈاجرز کو مبارکباد — یہ میچ شاندار چیمپئنز نے جیتا! کسی کمزور ٹیم کیلئے ایسا ممکن نہیں تھا، خاص طور پر گیم 6 یا آج کا یہ میچ۔ کتنے ہی اسٹارز نے اسے ممکن بنایا۔ ٹیم کے مالکان کو بھی داد — کیا زبردست کام کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں سب سے ملاقات ہوگی!”

