کوئینز پارک (نمائندہ خصوصی) اونٹاریو کے وزیرِ اعلیٰ ڈگ فورڈ نے ایک بار پھر عوامی مفاد کے خلاف فیصلہ کرتے ہوئے لبرل پارٹی کی جانب سے پیش کردہ ٹیکس میں کمی اور اخراجات میں نرمی کی تحریک کو مسترد کر دیا ہے۔
یہ تحریک صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن ڈے پر پیش کی گئی تھی جس کا مقصد درمیانے طبقے کے خاندانوں اور چھوٹے کاروباروں کو مالی ریلیف فراہم کرنا تھا۔ تاہم، ڈگ فورڈ اور ان کی کابینہ نے اس کے خلاف ووٹ دے کر ایک واضح پیغام دیا کہ وہ عام شہریوں کی بجائے اپنے بااثر حلقوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 2018 میں انتخابی مہم کے دوران ڈگ فورڈ نے درمیانے طبقے کیلئےٹیکس میں کمی کا وعدہ کیا تھا، جس سے ہر خاندان کو سالانہ تقریباً 786 ڈالرکی بچت ہونا تھی۔ لیکن سات سال گزرنے کے باوجود یہ وعدہ وفا نہ ہو سکا، بلکہ حکومت اب اتنی ہی رقم ٹورانٹو کے قلب میں ایک پُرتعیش سپا پر خرچ کر رہی ہے۔
لبرل پارٹی کے مطابق ان کے مجوزہ منصوبے کے تحت درمیانے طبقے کیلئے آمدنی پر ٹیکس کم کیا جاتا،حرارتی و بجلی کے بلوں پر صوبائی HST ختم کی جاتی اور چھوٹے کاروباروں پر ٹیکس کی شرح نصف کر دی جاتی۔اس منصوبے سے ایک اوسط خاندان کو 1150ڈالراور چھوٹے کاروباری مالکان کو سالانہ 18000ڈالرتک کی بچت حاصل ہو سکتی تھی۔
اپوزیشن نے فورڈ حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ عوامی پیسے کو اپنے دفاتر کے اخراجات اور قریبی ساتھیوں کے فائدے کیلئےاستعمال کر رہی ہے، جبکہ عام شہری مہنگائی اور مالی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔
لبرل پارٹی نے سوال اٹھایا ہے: “کیا عوام واقعی اپنے پیسے کی حفاظت کیلئے ڈگ فورڈ پر اعتماد کر سکتے ہیں؟”