ڈھاکا:بنگلادیشی فوج میں اعلیٰ سطح پر قیادت میں تبدیلیاں

ڈھاکا (ایجنسیاں) ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگلادیشی فوج میں اعلیٰ سطح پر اہم تقرریاں اور تبادلے کیے گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد معین الرحمٰن کو بنگلادیش آرمی کا چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کردیا گیا ہے۔ میجر جنرل قیصر رشید چوہدری کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فورسز انٹیلی جنس (ڈی جی ایف آئی) کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے۔

اسی طرح لیفٹیننٹ جنرل میر مشفق الرحمٰن کو آرمڈ فورسز ڈویژن کا پرنسپل اسٹاف آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سابق پی ایس او لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی خدمات وزارت خارجہ کے سپرد کردی گئی ہیں۔مزید برآں میجر جنرل محمد جہانگیر عالم کو وزارت خارجہ میں بطور سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 12 فروری کو بنگلادیش میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے 209 نشستیں حاصل کرکے واضح اکثریت حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی بنگلادیش نے 77 نشستیں جیتیں۔بی این پی کے سربراہ طارق رحمان وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھال چکے ہیں جبکہ جماعت اسلامی بنگلادیش کے امیر کو قائد حزب اختلاف مقرر کیا گیا ہے۔