ڈھاکا(ایجنسیاں)جماعت اسلامی بنگلادیش کے سربراہ ڈاکٹر شفیق الرحمان نے بی این پی کے رہنما طارق رحمان کو وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کہا کہ طارق رحمان سے ملاقات قومی سیاسی سفر میں ایک مثبت قدم ہے اور ملک کو خود مختار اور انصاف پر مبنی ریاست بنانے کا عزم ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی یقین دہانی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ قومی مفاد کے معاملات میں حکومت سے تعاون کیا جائے گا۔
جماعت اسلامی کے سربراہ نے مزید کہا کہ مضبوط اور اصولی اپوزیشن کا کردار بھی ادا کیا جائے گا، جہاں حکومت عوامی مفاد میں کام کرے گی وہاں حمایت کی جائے گی۔ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کہا کہ عوام کو ایک مستحکم اور بااعتماد پارلیمنٹ درکار ہے۔

