ڈھاکا میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا اسپیکر ایاز صادق سے مصافحہ

ڈھاکا(ایجنسیاں)ڈھاکا میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا مصافحہ ہوا۔ یہ غیر رسمی آمنا سامنا بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیا کے صاحبزادے سے تعزیت کے دوران پیش آیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور مسکراہٹ کے ساتھ خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق جے شنکر خود چل کر اسپیکر سردار ایاز صادق کے پاس آئے اور ہاتھ ملایا۔ خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ڈھاکا میں پارلیمنٹ کمپلیکس کے سامنے ادا کی گئی، جس میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس، مقامی رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اسپیکر سردار ایاز صادق کی قیادت میں پاکستانی وفد نے بھی جنازے میں شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے بعد یہ دونوں ممالک کی اعلیٰ سطحی شخصیات کا پہلا آمنا سامنا تھا۔ ملاقات کے وقت دونوں وفود خالدہ ضیا کے صاحبزادے اور بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان سے تعزیت کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ رواں سال مئی میں ہونے والی مختصر جنگ کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں شدید کشیدگی ہے اور سیاسی و سفارتی رابطے معطل ہیں۔