ڈھاکہ(سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیشی عدالت نے کرکٹر شکیب الحسن کے اثاثے ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیشی عدالت نے کرکٹر شکیب الحسن کے اثاثے ضبط کرنے کا حکم دیا ہے، عدالتی حکم سے سابق حکمران شیخ حسینہ واجد سے وفاداری رکھنےوالے اسپورٹس اسٹار کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
شکیب الحسن ملک کی سابق آمر حکمران شیخ حسینہ کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق قانون ساز ہیں، جنہیں گزشتہ سال طلبا کی قیادت میں ہونے والی بغاوت میں معزول کر دیا گیا تھا۔
شیخ حسینہ سے روابط کی وجہ سے شکیب الحسن عوامی غصے کا ہدف بنے ہیں اور وہ ان درجنوں افراد میں شامل ہیں جن پر بغاوت کے دوران مظاہرین پر ہلاکت خیز پولیس کریک ڈاؤن کے بعد قتل کےالزامات کے تحت تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اگرچہ ان الزامات پر کرکٹر پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی لیکن اس وقت ان پر 3 لاکھ ڈالر سے زیادہ کے باؤنس چیک کے مبینہ طور پر فراڈ کے الزامات کے تحت مقدمہ چل رہا ہے۔
دارالحکومت ڈھاکا میں ایک مجسٹریٹ نے پیر کے روز ان کی جائیداد کی ضبطی کا حکم جاری کیا جب کہ جنوری میں عدالت کی طرف سے شکیب کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔جب حسینہ کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا تو شکیب الحسن کینیڈا میں ایک ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 کرکٹ مقابلے میں کھیل رہے تھے اور اس کے بعد سے بنگلہ دیش واپس نہیں آئے ہیں۔

