ڈیرہ اسمٰعیل خان (نمائندہ خصوصی)ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر خودکش حملہ ہوا ہے، جہاں بھارتی ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسمٰعیل خان سجاد احمد کے مطابق 7 سے 8 دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے ٹریننگ سینٹر پر حملہ کیا۔ ایک خودکش حملہ آور نے داخلی دروازے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ سنا گیا۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو موقع پر ہلاک کر دیا۔
دھماکے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا، جبکہ پولیس کی اضافی نفری اعجاز شہید پولیس لائنز سے موقع پر پہنچ گئی ہے۔ آپریشن کی براہِ راست نگرانی ڈی پی او سجاد احمد خود کر رہے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق دہشت گردوں نے چاروں اطراف سے فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے لیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

