ڈیرہ غازی خان(نمائندہ خصوصی) پنجاب پولیس نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے کوٹ مبارک میں ایک منظم کارروائی کے دوران 4 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جب کہ ان کے دیگر ساتھی فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، حساس اداروں کی جانب سے خارجی دہشت گردوں کی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر فوراً علاقے کا محاصرہ کیا گیا اور آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ پولیس کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے بھاری اسلحہ سے شدید مزاحمت کی گئی، تاہم پنجاب پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوئے، جب کہ ان کے قبضے سے جدید اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری ہے۔
آپریشن کی نگرانی آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی جب کہ ڈی پی او سید علی کی قیادت میں پنجاب پولیس کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کارروائی میں حصہ لینے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا”پنجاب پولیس، خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ ہم ملک دشمن عناصر کو کبھی ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاتی رہے گی۔یہ کامیاب کارروائی ایک بار پھر اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ پنجاب پولیس ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف بھرپور تیاری اور صلاحیت رکھتی ہے۔

