امریکا کی نائب صدر کاملا ہیرس نے کہا ہے کہ انکے لیے یہ قابل فخر ہے کہ انہوں نے ڈیموکریٹ پارٹی کا صدارتی امیدوار نامزد ہونے کے لیے مطلوب حمایت حاصل کرلی ہے۔
اپنے بیان میں کاملا ہیرس نے کہا کہ جب انہوں نے صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا تو اسی وقت کہہ دیا تھا کہ وہ نامزدگی جیتیں گی۔
نائب صدر نے کہا کہ انہیں اس بات پر اور بھی فخر ہے کہ انکی اپنی ریاست کیلی فورنیا کے ڈیلی گیشن نے انکی انتخابی مہم کو عروج پر پہنچایا، اب وہ باضابطہ طور پر ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کی نامزدگی قبول کرنے کی منتظر ہیں۔
کاملا ہیرس نے کہا کہ وہ صدر بائیڈن اور ہر اس شخص کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہر کیا اور وہ منتظر ہیں کہ اپنا مقدمہ عوام تک لے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ الیکشن دو وژنز کے درمیان واضح چوائس ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کو اس جگہ پر واپس لے جائیں گے جب ہم میں سے کئی کے پاس برابر حقوق نہیں تھے اور مکمل آزادی بھی نہیں تھی۔
کاملا ہیرس کا کہنا تھا کہ اگلے چند مہینوں میں وہ ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ان امور پر بات کریں گی جن کے بارے میں خدشات ہیں۔
نائب صدر کاملا ہیرس نے یہ بھی کہا کہ وہ ڈیموکریٹ پارٹی اور قوم کو متحد کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کو نومبر میں ہرانے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔