ڈی آئی خان: پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ آور 5 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید، 12 زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان (آئی ایس پی آر) — پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب، بھارتی ایجنسی کے زیرِ سرپرستی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول کو بزدلانہ حملے کا نشانہ بنایا۔

حملہ آوروں نے پولیس ٹریننگ اسکول میں دراندازی کی کوشش کی لیکن سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بن گئے۔ فائرنگ کے تبادلے اور آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک، 6 پولیس اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوئے، جبکہ اسکول کے تمام زیر تربیت ریکروٹس محفوظ رہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے اسکول کے گیٹ سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی، پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا۔ 3 دہشت گرد موقع پر ہلاک جبکہ 2 کو عمارت میں گھیر کر کلیئرنس آپریشن کے ذریعے ختم کیا گیا۔

حملے میں 6 پولیس جوان شہید اور 12 اہلکار زخمی ہوئے۔ دہشت گرد اسکول کے احاطے میں واقع مسجد پر بھی حملہ آور ہوئے اور مسجد کے امام کو شہید کر دیا۔ پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے 5 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور خودکش جیکٹس، بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق شہدا میں کانسٹیبل مدثر، کانسٹیبل جلال، دانیال، لانگری عصمت اللہ، کانسٹیبل انور، ریکروٹ کانسٹیبل فرحان اللہ اور لیویز کوہاٹ پلاٹون کے نامعلوم ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں۔ زخمیوں میں کانسٹیبل نصیر محمد، کانسٹیبل محمد شعیب، کانسٹیبل حضرت علی، کانسٹیبل یعقوب، کانسٹیبل سلیم، کانسٹیبل صدام حسین، سعید الرحمٰن، کانسٹیبل امان اللہ، کانسٹیبل عبداللہ، ریکروٹ کانسٹیبل مدثر، عصمت عباس، ریکروٹ کانسٹیبل یاسر اور ریکروٹ کانسٹیبل اعجاز احمد شامل ہیں۔

ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق اسکول میں ٹرینی اور اسٹاف سمیت تقریباً 200 افراد کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے آر پی او سید اشفاق انور اور ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد کی قیادت میں کارروائی کی تعریف کی اور شہید جوانوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ آئی جی نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران و جوانوں کے لیے خصوصی انعامات کا اعلان کیا، علاقے کو کلیئر قرار دیا اور سرچ اینڈ کلین آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوم کے ہم قدم ہیں اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر ثابت قدم ہیں۔ شہدا اور زخمیوں کی قربانیاں پاکستان کی حفاظت اور امن قائم رکھنے کے لیے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں