ژوب (بیورورپورٹ)بلوچستان کے ضلع ژوب میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں پکنک منانے کیلئےآنے والی ایک فیملی کی گاڑی اچانک آنے والے سیلابی ریلے کی زد میں آ گئی، جس کے نتیجے میں 4 خواتین جاں بحق ہو گئیں، جن میں ایک کم عمر بچی بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ ژوب کے نواحی علاقے سلیازہ میں پیش آیا جہاں ملتان سے تعلق رکھنے والا متاثرہ خاندان پکنک منانے آیا ہوا تھا۔ بارش کے باعث آنے والے اچانک آبی ریلے نے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے گاڑی میں سوار خواتین باہر نکل نہ سکیں اور جاں بحق ہو گئیں۔
مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں کو نکالا اور ضابطے کی کارروائی مکمل کی۔
ہرنائی میں بھی سیلابی ریلے، 3 افراد کو بچا لیا گیا
اسی روز بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ زرد آلو کے مقام پر 3 افراد ایک اونچے درجے کے سیلابی ریلے میں پھنس گئے۔ اطلاع ملنے پر لیویز فورس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے تینوں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
مزید بارشیں، خطرہ برقرار
محکمہ موسمیات کے مطابق ہرنائی، ژوب اور گرد و نواح کے پہاڑی علاقوں میں مسلسل موسلا دھار بارشیں جاری ہیں، جس کے باعث ندی نالوں میں مزید طغیانی کا خطرہ ہے۔ علاوہ ازیں، کوئٹہ، قلات، سوراب اور مستونگ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور شدید بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

