لاہور (وقائع نگار خصوصی) کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سابق انتخابی امیدواروں نے جماعت کے پُرتشدد رویے اور ریاست مخالف اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں ٹی ایل پی کے عثمان خضرمانگٹ نے سابق ٹکٹ ہولڈرز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ “ریاست پر حملہ کر کے کوئی بھی سیاسی جماعت یا جتھہ اثرانداز نہیں ہو سکتا۔ حکومت نے مذاکرات کی بھرپور کوشش کی، مگر ان کی جانب سے ناقابلِ عمل مطالبات پیش کیے جاتے رہے۔”
انہوں نے کہا کہ “ملک کی سرحدوں پر کشیدگی کے دوران ریلی نکالنا اور ایک ایسے ملک کے سفارتخانے کو نشانہ بنانا جس سے پاکستان کے تعلقات خراب ہو سکتے ہیں، دراصل ریاستِ پاکستان کے خلاف سازش ہے۔”
عثمان خضرمانگٹ کا کہنا تھا کہ”یہ عناصر اسلحہ، ڈنڈوں سے لیس تھے، بسیں چھینیں، گاڑیاں جلائیں. یہ کون سی سیاست ہے؟ احتجاج ہر جماعت کا حق ہے، مگر امنِ عامہ کی قیمت پر نہیں۔”
انہوں نے کہا کہ”سیاسی جماعت نہیں بلکہ ریاست سُپر ہوتی ہے، مگر ٹی ایل پی نے خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھا، جو ناقابلِ برداشت ہے۔”
انہوں نے کہا کہ وہ اور دیگر سابق امیدوار بغیر کسی دباؤ کے کالعدم ٹی ایل پی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہیں اور ریاست پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دیگر سابق امیدواروں نے بھی کہا کہ”سب سے پہلے پاکستان ہے، ہم ٹی ایل پی کے پُرتشدد رویے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس جماعت سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔”

