یو این، ویانا آسٹریا(محمد عامر صدیق سے)سفیر کامران اختر نے اقوام متحدہ (ویانا) میں پاکستان کے مستقل نمائندے کی حیثیت سے اپنی اسناد پیش کیں۔سفیر کامران اختر نے اقوام متحدہ (ویانا) میں پاکستان کی مستقل نمائندہ کی حیثیت سے اپنی اسناد اقوام متحدہ کے دفتر کی ڈائریکٹر جنرل/یو این او ڈی سی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر محترمہ غدا فتی ولی (Ghada Fathi Waly) کو پیش کیں۔
آج ویانا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں منعقدہ ایک رسمی تقریب میں سفیر کامران نے پاکستان اور یو این او ڈی سی کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سفیر کامران اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر محترمہ غدا فتی ولی (Ghada Fathi Waly) نے پاکستان اور یو این او ڈی سی کے درمیان باہمی فائدہ مند دیرینہ شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
سفیر کامران نے پاکستان اور یو این او ڈی سی کے درمیان منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ، بین الاقوامی منظم جرائم، سرحدی انتظام، فوجداری انصاف کے نظام اور قانونی اصلاحات کے شعبوں میں جاری تعاون کو سراہا۔ سفیر نے منشیات کی اسمگلنگ، منظم جرائم اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور ان لعنتوں کو روکنے کے لیے UNODC اور بین الاقوامی شراکت داروں کی جانب سے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر محترمہ غدا فتی ولی (Ghada Fathi Waly) نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور خطے میں منشیات اور منظم جرائم کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار اور یو این او ڈی سی کے انسداد منشیات اقدامات کے نفاذ میں پاکستان کی قابل ذکر شراکت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے UNODC اور پاکستان کے درمیان مضبوط شراکت داری پر روشنی ڈالی اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اس تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اعتماد کا اظہار کیا۔