کانٹیکٹ لینس پہننے کے باعث بھارتی اداکارہ بینائی سے محروم

انڈین ٹی وی کی مشہور اداکارہ جیسمین بھاسن نے آنکھوں کے لینس پہننے کے باعث آنکھوں کے پردے کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق اپنے چاہنے والوں کو بتادیا۔
بھارتی ٹی وی شو’بگ باس‘14 میں شرکت کرنے والی اداکارہ جیسمن بھاسن نے میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ 17 جولائی کو ایونٹ میں شرکت کرنے کیلئے کانٹیکٹ لینس پہنے تھے، لینس پہنتے ہی آنکھوں میں تکلیف شروع ہوگئی اور کچھ دیر بعد دیکھنے میں بھی دشواری کا سامنا ہوا جس کے بعد ان کو نظر آنا بند ہوگیا ۔
بھارتی اداکارہ نے بتایا کہ وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ایونٹ میں شرکت کرنے کیلئے سن گلاسز پہن لیں، اور ایونٹ میں ان کی ٹیم انکو چلنے پھرنے اور دوسرے کاموں میں مدد کررہی تھی کیوں کہ انکو کچھ بھی نہیں دکھائی دے رہا تھا۔
جیسمین بھاسن نے کہا کہ آنکھوں کے ڈاکٹر سے چیک اپ کروایا جس نے بتایا کہ ان کے کورنیا (آنکھ کا شفاف پردہ) کو نقصان پہنچا ہے اور اس کے بعد انکی آنکھوں پر پٹّی باندھ دی گئی ۔
جیسمن بھاسن کی بینائی سے متعلق افسوسناک خبر منظر عام پر آنے کے بعد انکے مداح پریشان ہوگئے اور سوشل میڈیا پر ان کی خیریت پوچھتے نظر آئے۔مداحوں کو اپ ڈیٹ دیتے ہوئے اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری اپ لوڈ کی ہے جس میں وہ سبز گلاسز پہنی ہوئی ہیں۔اداکارہ نے لکھا کہ میں اب پہلے سے بہتر ہوں اور مزید بہتر ہورہی ہوں، آپ سب کی محبت اور دعاؤں کا شکریہ۔
واضح رہے کہ جیسمن بھاسن نے میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ وہ 4 سے 5 دنوں میں ٹھیک ہوجائیں گی لیکن تب تک انہیں اپنی آنکھوں کا خیال رکھنا ہے، یہ آسان نہیں کیونکہ انہیں تکلیف ہورہی ہے اور تکلیف کے سبب انہیں سونے میں بھی دشواری کا سامنا ہے، پر وہ اپنا کام بھی ملتوی نہیں کرسکتی ۔

اپنا تبصرہ لکھیں