کبڈی کے قومی کھلاڑی عبیداللہ راجپوت پر کبڈی فیڈریشن کے رولز کیخلاف
ورزی کرنے اور بھارتی پرچم جسم پر لپیٹنے پر تاحکم ثانی پابندی عائد
چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن و صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں کبڈی کے فروغ کیلئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے ۔کبڈی کے کھلاڑی عبیداللہ راجپوت پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے رولز کی خلاف ورزی پر تا حکم ثانی پابندی کا فیصلہ کیا گیا واضح رہے کہ عبیداللہ راجپوت نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے این اوسی کے بغیر بھارت کی جانب سے میچ کھیلا اور بھارتی پرچم اپنے جسم پر لپیٹا ۔
اجلاس میں عبیداللہ راجپوت کے اس رویئے کی شدید مذمت کی گئی اور ان پر تاحکم ثانی پابندی کے فیصلے کی مکمل توثیق کی گئی ۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ آئندہ کبڈی کا کوئی کھلاڑی پاکستان کبڈی فیڈریشن کی اجازت کے بغیر باہر نہیں جاسکے گا ۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کی اجازت کے بغیر باہر جانے والے اور کھیل کو کاروبار بنانے والے کھلاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ ہوا اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے رولز کی خلاف ورزی کرنے والے ان کھلاڑیوں کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی اور یہ کمیٹی آئندہ 3 ہفتوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔
کمپنی کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کبڈی کے تمام کلبوں اور کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا بھی فیصلہ ہوا ۔کسی ذاتی مقصد کیلئے باہر جانے والے کھلاڑی بھی فیڈریشن سے این او سی لینے کے پابند ہوں گے۔ آئندہ کبڈی کا کوئی ٹورنامنٹ بھی کبڈی فیڈریشن کی اجازت کے بغیر نہیں ہوگا ۔ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ۔ کبڈی کے کھیل کو بدنام کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن ہوگا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے بعد کبڈی کے کھیل کو پاکستان میں بہت پسند کیا جاتا ہے اس کھیل کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اگلےسال کبڈی کے 13مختلف ٹورنامنٹ کو حتمی شکل دی گئی ہے آئندہ سال ایشیا کبڈی کپ ملائیشیا میں کروایا جائے گا جبکہ کبڈی کا ورلڈ کپ بھی اگلے سال کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 2020 میں پہلی بار بھارت کو شکست دے کر کبڈی کا ورلڈ کپ جیتا۔ چوہدری ظہور الٰہی شہید اور چوہدری شجاعت حسین نے کبڈی کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کئے ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کھیل ملکوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کبڈی کے کھیل کو ہرسطح پر فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں میں ویمن کبڈی کا بھی آغاز کیا جارہا ہے ۔ ویمن کبڈی کے ٹورنامنٹ کرانے پربھی ورکنگ کی جارہی ہے جس میں ایران ،آذربائیجان اور دیگر ممالک کی ٹیموں کو بلایا جائے گا ۔پاکستان بھر سے کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کے ممبران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے اجلاس کو بریفننگ دی ۔ اجلاس کے دوران کبڈی کے کھیل کے فروغ میں چوہدری ظہور الٰہی شہید ،چوہدری شجاعت حسین اور چودھری شافع حسین کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا ۔

