کبھی آپ کو مسکراتے ہوئے نہیں دیکھا‘: ٹرمپ کی خاتون صحافی سے نوک جھونک

واشنگٹن(غیر ملکی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اوول آفس میں پریس کانفرنس کے دوران ایک خاتون صحافی پر برہم ہوگئے۔ پریس کانفرنس کے دوران سی این این کی صحافی کیٹلن کولنز کی جانب سے بدنام زمانہ جنسی اسکینڈل ایپسٹین سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ طیش میں آگئے اور رپورٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

امریکی صدر نے خاتون صحافی سے کہا کہ آپ ایک بدترین رپورٹر ہیں اور سی این این کی ریٹنگز آپ جیسے لوگوں کی وجہ سے کم ہو رہی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ گزشتہ 10 برس سے کیٹلن کولنز کو جانتے ہیں مگر اس دوران کبھی انہیں مسکراتے ہوئے نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ اس لیے نہیں مسکراتیں کیونکہ آپ جانتی ہیں کہ آپ سچ نہیں بول رہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ کیٹلن کولنز ایماندار نہیں ہیں اور ان کے ادارے کو اس رویے پر شرمندہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایپسٹین کیس میں ان کے خلاف کچھ سامنے نہیں آیا، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ ملک اس تنازع سے نکل کر آگے بڑھے۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی صحافی کیٹلن کولنز کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔