کترینہ کیف حاملہ ہیں یا نہیں؟ پی آر ٹیم نے گردشی خبروں کو بے بنیاد قراردے دیا

بالی ووڈ کی معروف، باربی ڈول، سرِ فہرست کی اداکارہ کترینہ کیف کے حمل سے ہونے کی خبریں چند دنوں سے زیرِ گردش ہیں۔

تاہم اب اداکارہ کی پی آر ٹیم نے گردشی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے غیر مصدقہ رپورٹنگ کو بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے کترینہ کیف کے حاملہ ہونے کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔

خیال رہے کہ یہ خبریں اس وقت گردش کرنے لگی تھیں جب اداکارہ کترینہ کیف کو مختلف مواقع پر ڈھیلے ڈھالے ، سیاہ کپڑے پہنے دیکھا گیا تھا۔

ایک موقع پر انہیں اپنے شوہر و اداکار وکی کوشل کے ساتھ لندن کی سڑکوں پر گھومتے پھرتے اور مداح کے ساتھ تصاویر بنواتے ہوئے دیکھا گیا تھا جبکہ دوسری بار انہیں لندن سے واپس بھارت پہنچنے پر ممبئی ایئر پورٹ پر دیکھا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

دونوں ہی مواقع پر انہوں نے سیاہ ڈھیلا ڈھالا لباس اور اُس کے اوپر اوور سائز جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔

ان کا اسٹائل بلکل اسی طرح تھا جس طرح جلد ہی ممتا کی دہلیز پر قدم رکھنے والی اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے حال ہی میں ممبئی سے لندن جاتے ہوئے کیا تھا۔

کترینہ کیف کے لُک کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین اور بھارتی میڈیا میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئی تھیں کہ اداکارہ حاملہ ہیں اور اپنے حمل کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

گوکہ اس حوالے سے اب تک اداکارہ نے خود یا اُن کے شوہر، وکی کوشل نے تصدیق یا تردید نہیں کی ہے، تاہم کترینہ کیف کی پی آر ٹیم نے ان افواہوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کی تردید کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کترینہ کیف کی پی آر ٹیم نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام میڈیا ہاؤسز سے درخواست کی کہ وہ غیر مصدقہ رپورٹنگ کو فوری طور پر بند کر دیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں