کراچی:افغانستان سے لایا گیا 2 ہزار کلو بارودی مواد برآمد، 3 دہشتگرد گرفتار

کراچی (نمائندہ خصوصی،سی ٹی ڈی، پولیس ذرائع)کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بلدیہ رئیس گوٹھ کے علاقے میں دو ہزار کلوگرام سے زائد تیار دھماکا خیز مواد برآمد کرکے تین دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لارک اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد کو موقع سے گرفتار کیا گیا، جس کی نشاندہی پر کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے اور مزید دو دہشتگردوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

ڈی آئی جی غلام اظفر مہیسر کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکا خیز مواد افغانستان سے بلوچستان کے راستے کراچی منتقل کیا گیا تھا، جبکہ دہشتگردوں نے کراچی سے 35 سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک مکان کرائے پر لے رکھا تھا۔ کارروائی کے دوران 30 سے زائد پلاسٹک ڈرمز میں موجود کمرشل اور مکس بارودی مواد کے علاوہ پانچ دھاتی گیس سلنڈرز بھی برآمد کیے گئے، جو مکمل طور پر تیار حالت میں تھے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق اس دہشتگردی کے منصوبے کے پیچھے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس سے منسلک مجید بریگیڈ کے عناصر ملوث ہیں، جبکہ منصوبہ بیرون ملک تیار کیا گیا تھا۔ سہولت کاروں اور ہینڈلرز کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کیلئے مزید چھاپے مارے جارہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں کی شناخت جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان عرف فرید کے نام سے ہوئی ہے۔ مزید تفصیلات مختلف اداروں کی تصدیقی رپورٹس آنے کے بعد جاری کی جائیں گی۔