کراچی:بلاول بھٹو کا35ویں نیشنل گیمز کی رنگا رنگ تقریب میں آغاز کا اعلان

ملک بھر سے آئے ہوئے کھلاڑی سندھ کی پرتپاک میزبانی سے لطف اندوز ہونگے:بلاول بھٹو زرداری

دو دہائیوں بعد کراچی میں نیشنل گیمز کی واپسی صوبے اور عوام کیلئے اعزازہے: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

سندھ کے نوجوان ایتھلیٹ محمد زبیر منیر اور ماہ نور فاطمہ نے کھلاڑیوں کی جانب سے حلف لیا

35ویں نیشنل گیمز کا نیشنل سٹیڈیم کراچی میں رنگا رنگ اور یادگار افتتاحی تقریب میں باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ پیرس اولمپک کے گولڈ میڈلسٹ اولمپین ارشد ندیم نے سابق ہاکی کپتان اولمپین اصلاح الدین اور دیگر کے ہمراہ تالیوں کی گونج میں اولمپک مشعل روشن کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری،صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر، صوبائی وزرا، سندھ اسمبلی اور کابینہ ارکان، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداران، معزز مہمانوں، منتظمین اور ہزاروں شائقین موجود تھے۔

مہمان خصوصی نے گیمز میں شریک دستوں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مارچ پاسٹ میں سلامی لی،سندھ کے نوجوان ایتھلیٹ محمد زبیر منیر اور ماہ نور فاطمہ نے کھلاڑیوں کی جانب سے حلف لیا۔مہمان خصوصی بلاول بھٹو زرداری نے باضابطہ طور پہ نیشنل گیمز کے آغاز کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ 18 سال کے بعد سندھ کو نیشنل گیمز کی میزبانی ملنا ایک اعزاز ہے، گیمز میں ملک بھر سے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے جمع ہوئے ہیں، یہ قومی یکجہتی کا بہترین مظاہرہ ہے۔

پاکستان کے نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، ملک اور قوم کی ترقی میں یہ نوجوان اہم کردار ادا کرینگے، ہم نیشنل گیمز کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ امید ہے کہ وہ سندھ کی پرتپاک میزبانی سے لطف اندوز ہوں گے اور کھیلوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کریں گے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 35ویں نیشنل گیمز پاکستان کی یکجہتی، تنوع اور قوت کی علامت ہیں۔ دو دہائیوں بعد کراچی میں نیشنل گیمز کی واپسی صوبے اور اس کے عوام کیلئے باعث فخر ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام صوبوں اور خطوں سے آئے کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت پاکستان کی حقیقی خوبصورتی کو اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا یہ ہمارا میگا ایونٹ ہے۔ آج ہمارے تمام صوبوں اور خطوں کے رنگ کراچی میں جگمگا رہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے شرکاء کو پرتپاک خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی محنت اور نظم و ضبط کا اعتراف کیا جس کی بدولت وہ اس معزز پلیٹ فارم تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا آپ میں سے ہر ایک نے یہاں تک پہنچنے کیلئے غیر معمولی کوششیں کی ہیں۔

آپ کی موجودگی نہ صرف حکومتِ سندھ کیلئے اعزاز ہے بلکہ اس صوبے کے عوام کیلئےبھی باعثِ فخر ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ بیس سال بعد کراچی میں نیشنل گیمز کی میزبانی ایک تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دیگر صوبوں، خطوں اور وفاقی اداروں سے آنیوالے باصلاحیت کھلاڑیوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا سندھ کی تہذیبی عظمت اس کی بے مثال مہمان نوازی سے پہچانی جاتی ہے اور یقین دلایا کہ مقابلوں کے دوران شرکاء کو صوبے کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائیگا۔

انہوں نے سندھ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا آپ کی لگن نے اس شاندار ایونٹ کی قدر میں بے حد اضافہ کیا ہے۔صوبائی وزیر کھیل اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سردار محمد بخش خان مہر نے آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے استقبالی کلمات ادا کیے۔انہوں نے گیمز کے شایان شان انعقاد کیلئے بہترین انتظامات کرنے کا اعادہ کیا۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے اولمپک تحریک کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔

افتتاحی تقریب میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبہ و طالبات مختلف انکلوژر میں موجود تھے۔ خصوصی افراد کیلئےبھی ایک الگ انکلوژر بنایا گیا تھا۔تقریب میں مختلف نمائشی کھیلوں کے مقابلے پیش کیے گئے جسمانی مہارتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔لیزر لائٹ شو کا بھی اہتمام کیا گیا، میوزیکل کنسرٹ میں نامور گلوکار حدیقہ کیانی اور علی ظفر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ تقریب کے آخر میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔