کراچی:سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر انتقال کر گئیں

کراچی(نمائندہ خصوصی)سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں۔ اہلِ خانہ کے مطابق ان کا انتقال حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث ہوا۔ وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پہلی خاتون گورنر تھیں۔شمشاد اختر 2 جنوری 2006ء کو اسٹیٹ بینک کی 14ویں گورنر مقرر ہوئیں۔ ان کی نمازِ جنازہ کل بعد نمازِ ظہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔

ڈاکٹر شمشاد اختر کی پیدائش حیدرآباد میں ہوئی۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی اور اسلام آباد سے حاصل کی، پنجاب یونیورسٹی سے 1974ء میں بی اے اکنامکس اور قائداعظم یونیورسٹی سے ایم ایس سی اکنامکس کیا۔ بعد ازاں یونیورسٹی آف سسیکس سے 1977ء میں ڈیولپمنٹ اکنامکس میں ایم اے اور برطانیہ میں پیسلے کالج آف ٹیکنالوجی سے معاشیات میں ڈاکٹریٹ کی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معیشت اور مالیاتی نظم و نسق کے شعبے میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔